ریحام خان کے نئی سیاسی جماعت کے اعلان کے بعد ہی پارٹی کا لوگو تنازعہ کا شکار، سوشل میڈیا پر بحث چھڑگئی

بدھ 16 جولائی 2025 16:18

ریحام خان کے نئی سیاسی جماعت کے اعلان کے بعد ہی پارٹی کا لوگو تنازعہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)بانی پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کے نئی سیاسی جماعت کے اعلان کے بعد ہی پارٹی کا لوگو تنازعہ کا شکار ہوگیا جس پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑگئی ہے۔سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے گزشتہ روزاپنی نئی سیاسی جماعت کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت کا نہ صرف اعلان کیا ہے بلکہ پارٹی کا نام، منشور اور لوگو بھی جاری کیا ہے جب کہ پارٹی کا نام پاکستان ری پبلک پارٹی رکھا گیاہے۔

تاہم پارٹی کی لائونچنگ تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا جس کی وجہ بنی پارٹی کا لوگو جو امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے لوگو سے مشابہت رکھتا ہے۔معروف صحافی عبدالجبار ناصر نے سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے لکھا غالباً مونوگرام بنانے میں بہت زیادہ جلدی تھی یا کسی نے کاپی پیسٹ کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امریکن ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی یعنی امریکی محکمہ برائے داخلی سلامتی اور پاکستان ری پبلک پارٹی کا مونوگرام ایک ہی جیسا ہے، یعنی نقل تو کی مگر عقل نے بھی کام چھوڑ دیا۔

ڈیجیٹل کریٹر عاصم خان نے لکھاکہ امریکی ہوم سیکورٹی محکمے کا مونوگرام اورپاکستان ری پبلک پارٹی کا لوگو جس کی سربراہ معروف ہوسٹ، سابق خاتون اول، مصنفہ اور ماڈل ریحام خان صاحبہ ہیں ایک جیساہے۔انہوں نے کہا پارٹی کے باقی عہدے تاحال خالی ہیں، کوئی کام ڈھنگ سے نہیں کرسکتے۔ کم از کم کسی اچھے گرافک ڈیزائنر سے پارٹی لوگو ہی ڈھنگ کا بنوالیتے۔