سندھ حکومت کاسندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کوڈیجیٹلائز کرنیکافیصلہ، آٹومیشن کیلئے 150 ملین روپے مختص

بدھ 16 جولائی 2025 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)سندھ حکومت نے ماحولیاتی شعبے میں شفافیت اور جدیدیت کے فروغ کے لیے محکمہ ماحولیات کے تحت کام کرنے والی سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا)کے تمام آپریشنز کو ڈیجیٹلائز کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں نئی اسکیم آٹومیشن آف انڈسٹریل انوائرمنٹل مانیٹرنگ، انسپکشن اینڈ اسیسمنٹ کے عنوان سے شامل کی گئی ہے جس کے لیے 150 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ زبیر احمد چنہ نے کہاکہ اسکیم کو مکمل کرنے کا ہدف جون 2028 تک مقرر کیا گیا ہے جس کی منظوری کے بعد عملدرآمد کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔ ڈیجیٹلائزیشن سے صنعتی اداروں کی ماحولیاتی کارکردگی، فضائی و آبی آلودگی، فضلہ خارج کرنے کے طریقہ کار اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کی نگرانی جدید ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس نظام سے ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور انسانی مداخلت میں کمی کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کی بروقت دستیابی، انسپیکشن کے عمل میں بدعنوانی کا خاتمہ اور عوامی اعتماد میں اضافہ جیسے فوائد حاصل ہوں گے۔اس حوالے سے وزیر اعلی سندھ کے مشیر دوست محمد راہموں نے کہاہیکہ یہ منصوبہ سندھ حکومت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت محکمہ ماحولیات کو عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کیا جا رہاہے۔

ماحولیاتی ڈیٹا تک رسائی، انسپیکشن رپورٹس، اور ماحولیاتی تعمیل کی مکمل نگرانی ایک پلیٹ فارم پر ممکن ہو سکے گی جس سے ادارہ جاتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔اس نظام سے نہ صرف ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ صنعتوں اور محکمہ ماحولیات کے درمیان اعتماد بھی بحال ہوگا۔

متعلقہ عنوان :