اقوام متحدہ کی میزبانی میں فلسطین کانفرنس جنگ بندی کے بعد کے منظر نامے سے متعلق ہے ، فرانس

بدھ 16 جولائی 2025 16:34

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئل بیرٹ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی میزبانی میں رواں ماہ ہونے والی فلسطین کانفرنس فلسطین میں جنگ بندی کے بعد پیش آمدہ منظر نامے سے متعلق ہے۔العربیہ کے مطابق یہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بارے میں تیاری اور غور کا بھی باعث بنے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یورپی یونین کے اجلاس سے قبل برسلز میں کیا ہے۔

خیال رہے فلسطین کے بارے میں فرانس اور سعودی عرب نے مشترکہ کانفرنس کا طے کیا تھا۔ مگر اسرائیل اور ایران کی جنگ چھڑ جانے کے سبب اسے ملتوی کرنا پڑا کیونکہ کئی عرب ملکوں کے نمائندوں کی کانفرنس میں شرکت فضائی کمپنیوں کی پروازیں رکنے سے ممکن نہ رہی تھی۔اب اس کا نفرنس کو دونوں ملکوں نے ری شیڈول کیا ہے۔

(جاری ہے)

اب یہ 28 سے 29 جولائی کو نیویارک میں ہوگی۔

ادھر امریکی سفارتی حلقوں کی طرف سے فرانس کے اس موقف پر سخت تنقید کی گئی ہے جو اس نے آنے والے دنوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں برطانیہ اور کینیڈا نے بھی فرانس کی اس بارے میں حمایت نہیں کی بلکہ مزاحمت کا کہا ہے۔فرانس اور سعودی عرب کی اس مشترکہ کاوش کا مقصد دو ریاستی حل کی طرف پیش قدمی ہے ۔ مگر ایسا دو ریاستی حل جس سے اسرائیلی ریاست کا بھی پوری طرح تحفظ ہو ۔امریکا سمیت بعض ملکوں کے سخت رد عمل سے پہلے فرانس کے صدر میکروں اس کانفرنس میں شرکت کے لیے جانا چاہتے تھے مگر اب ان کی اس کانفرنس میں شرکت مشکوک بتائی جاتی ہے۔ اس لیے اب کانفرنس سے کسی بڑے اعلان کی توقع بھی کم کی جا رہی ہے۔