قابض حکام نے جموں وکشمیر میں مزید تین کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں

بدھ 16 جولائی 2025 16:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے ضلع بڈگام میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مزید تین کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت قابض انتظامیہ نے جو جائیدادیں ضبط کی ہیں ان میں ضلع کے علاقوں ہروانی ، چیوہ اورکھاگ سے تعلق رکھنے والے منظور احمد چوپان کا دو منزلہ رہائشی مکان، محمد یوسف ملک کا دومنزلہ مکان اور5 کنال13مرلہ اراضی اور بلال احمد وانی کی 19.5مرلہ زرعی اراضی شامل ہے۔

بی جے پی حکومت نے اگست 2019میں جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کی غیر قانونی منسوخی کے بعد سے کشمیریوں کو ان کے گھروں اور زمینوں سے بے دخل کرنے کی مہم تیز کر دی ہے، اس پالیسی کا مقصد کشمیری عوام کو معاشی طور پر کمزور کرنا اورعلاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرناہے۔