آزادی اورغلامی میں فرق دیکھنا ہے تو مقبوضہ جموں وکشمیر کو دیکھیں ،چوہدری نعیم اختر

بدھ 16 جولائی 2025 16:43

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے کہا ہے کہ آزادی اور غلامی میں فرق دیکھنا ہے تو مقبوضہ جموں وکشمیر کو دیکھیں جہاں کا وزیراعلٰی اپنی حکومت ہونے کے باوجود اپنی مرضی سے شہداء کی قبروں تک نہیں جا سکتا اپنی ہی حکومت میں اپنے ہی شہر میں قابض بھارتی فورسز سے دھکے کھا کر دیواریں پھلانگتے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو لازمی دو قومی نظریے کا احساس ہوا ہوگا ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں قابض بھارتی فورسز کے مکروہ اقدامات شہداء کے مشن کو نہیں روک سکتے۔

اللہ رب العالمین کا شکر ہے ہم آزاد فضاء میں پیدا ہوئے آزادی اللہ تعالیٰ کی طرف سے دیا گیا ایک انمول تحفہ ہے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ جو واقعہ ہوا اس طرح کے واقعات آئے روز مقبوضہ جموں وکشمیر میں رونما ہوتے ہیں کشمیریوں کی توہین قابض بھارتی فورسز کا معمول ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چوہدری نعیم اختر نے کہا کہ ہم نے تو آزاد فضاء میں جنم لیا،ہمارے لئے شاید اس کی اہمیت کا اندازہ لگانا مشکل ہے کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام سے پوچھیں کہ آزادی کی قدر کیا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اپنی ہی سرزمین پر آزادی سے سانس نہیں لے سکتے اور وہاں کے ہزاروں نوجوان کئی سالوں سے بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان عظیم نعمت خداوندی اور جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے ہمیں چاہئے کہ ہم اس آزادی کی نہ صرف خود قدر کریں بلکہ اپنے بچوں کو بھی آزادی کی قدر و قیمت کا درس دیں۔انہوں نیکہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد لازوال ہے، وہاں کے لوگوں نے آزادی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی قربانیاں انشاء اللہ ضرور رنگ لائیں گی۔