پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار

پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی ‘ وزیر ٹرانسپورٹ

بدھ 16 جولائی 2025 17:09

پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کے زیر صدارت ٹرانسپورٹ ہائوس میں سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹ، پیکا، نیسپاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسٹیشن اور بینک آف پنجاب سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں ای ٹیکسی منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ مختلف الیکٹرک گاڑیوں، ان کی قیمتوں اور تیکنیکی معاملات کا جائزہ اور الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

اس دوران منصوبے کو مزید بہتر اور کامیاب بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور بھی کیا گیا۔ پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس کے پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر ای ٹیکسی منصوبے کیلئے فراہم کی جائیں گی جس کیلئے تمام ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای ٹیکسی منصوبے سے روزگار اور بہترین سفری سہولیات فراہم ہو سکیں گی اور اس سے ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کو بھی فروغ ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ای ٹیکسی سکیم کیلئے بہت آسان شرائط رکھی جا رہی ہیں اور اپلائی کرنے کیلئے آئندہ چند ہفتوں میں بذریعہ اشتہار باقاعدہ سکیم پیش کر دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :