قطر ہمارا مضبوط اتحادی ہے‘ اسرائیل کو بہت محتاط رہنا ہوگا، امریکی صدر

حماس کے بارے میں کچھ کرنا ہے لیکن قطر امریکہ تعلقات کے بارے میں بہت سے لوگ یہ نہیں جانتے اس لیے لوگوں کو نشانہ بناتے وقت احتیاط سے کام لینا چاہیئے؛ ڈونلڈ ٹرمپ کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 ستمبر 2025 10:59

قطر ہمارا مضبوط اتحادی ہے‘ اسرائیل کو بہت محتاط رہنا ہوگا، امریکی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ قطر امریکہ کا مضبوط اتحادی ہے اور اس کے ساتھ ہمارے بہت خاص تعلقات ہیں، اس لیے اسرائیل کو بہت محتاط رہنا ہوگا، چارلی کرک کے قتل پر جشن منانے والوں کی چھان بین جاری ہے، ان کے قتل پر جشن منانے والے افراد ذہنی بیمار ہیں۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی ایک عظیم رہنماء ہیں، قطر کے حوالے سے اسرائیل کو بہت محتاط رہنا ہوگا، انہیں حماس کے بارے میں کچھ کرنا ہے لیکن قطر امریکہ کا اچھا اتحادی ہے اور بہت سے لوگ یہ نہیں جانتے، اس لیے لوگوں کو نشانہ بناتے وقت احتیاط سے کام لینا چاہیئے۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ روس پر پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہیں، یورپ امریکہ کا دوست ہے اور روس سے تیل خرید رہا ہے، امریکہ نہیں چاہتا کہ یورپ روس سے تیل خریدے، اسی طرح قدرتی گیس ہو یا سگریٹ، روس سے کچھ نہیں خریدنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ناخوش ہیں لیکن اس صورتحال سے امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، واشنگٹن اور تل ابیب کے تعلقات بہت مضبوط ہیں اور رہیں گے، کئی ممالک قطر میں پیش آنے والے واقعے پر ناراض ہیں اور امریکہ نے بھی اس سلسلے میں ہونے والی میٹنگ میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ’ صدر ٹرمپ یرغمالیوں کی رہائی اور تنازع کے خاتمے کے خواہاں ہیں تاکہ اگلے مرحلے کی طرف بڑھا جا سکے جو کہ غزہ کی تعمیر نو اور وہاں سکیورٹی کی فراہمی ہے، اسرائیلی وزیراعظم سے قطر پر حملے کے اثرات پر بات کریں گے‘، تاہم انہوں نے غزہ پر اسرائیلی حملے میں امریکی حمایت کے سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا، انہوں نے جواب دیا کہ ’فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کو پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا اور اسرائیل کا سخت ردعمل انہی فیصلوں کا نتیجہ ہے‘۔