چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا سندس فانڈیشن لاہور کا دورہ

بدھ 16 جولائی 2025 18:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نےسندس فائونڈیشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے بانی و صدر سندس فانڈیشن محمد یسین خان سے ملاقات کی اور ادارے کی جانب سے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سندس فائونڈیشن کے مختلف شعبہ جات بشمول ٹرانسفیوژن یونٹ، لیبارٹری اور مشاورتی مراکز کا معائنہ کیا اور وہاں زیرعلاج بچوں کی عیادت کرتے ہوئے مریض بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا- سارہ احمد نے اس موقع پر کہا کہ سندس فائونڈیشن تھیلیسیمیا اور خون کی دیگر بیماریوں میں مبتلا بچوں کے لیے جو خدمات انجام دے رہا ہے وہ واقعی قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

ادارہ جس جذبے سے ان بچوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کر رہا ہے وہ معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور سندس فائونڈیشن کے درمیان باہمی اشتراک پر بھی اتفاق کا اظہار کیا جس کے تحت بیورو میں مقیم بچوں کوتھیلیسیمیا،ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں کی صورت میں سندس فائونڈیشن مکمل علاج و معالجہ فراہم کرے گا۔

سارہ احمد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تھیلیسیمیا جیسے موذی مرض کی روک تھام کے لیے قانون سازی انتہائی اہم اقدام ہے اور پنجاب اسمبلی نے حال ہی میں ایک بل منظور کیا ہے جس کے تحت شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو لازم قرار دیا گیا ہے تاکہ اس مرض کو نسل در نسل منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔ آخر میں بانی و صدر سندس فائونڈیشن محمد یسین خان نے سارہ احمد کو ادارے کی خدمات سے متعلق بریفنگ دی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔