ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے ایک بھرپور میگا آپریشن کا آغاز کر دیا

بدھ 16 جولائی 2025 18:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے ایک بھرپور میگا آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔آپریشن کا بنیادی مقصد لاہور کی خوبصورتی کو بحال کرنا اور شہریوں کو کشادہ سڑکوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران انتظامیہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجاوزات کے27 ٹرک سامان ضبط کیا ۔

(جاری ہے)

باغبانپورہ،شالیمار،جوہر ٹاون،گارڈن ٹاون سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں مقامات سے مستقل اور عارضی تجاوزات کا کامیابی سے خاتمہ کیا گیا۔اس اقدام سے شہر میں بصری آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کو بڑی تعداد میں ہٹا دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہر سے ہر قسم کی غیر قانونی تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے،لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے تک یہ انسداد تجاوزات آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔یہ آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی کا نتیجہ ہے جس کے تحت لاہور کو ایک مثالی اور تجاوزات سے پاک شہر بنایا جا رہا ہے۔انتظامیہ کی یہ کوششیں شہریوں کی سہولت اور شہر کے بہتر امیج کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گی۔