سیکورٹی فورسز کاآواران میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن، تین دہشت گرد جہنم واصل،میجر سید ربنواز طارق شہید

بدھ 16 جولائی 2025 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سیکورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع آواران میں انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب آپریشن کیا،آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ بدھ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر سید ربنواز طارق جو دستوں کی قیادت کر رہے تھے، نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ 34 سالہ میجر سید ربنواز طارق کا تعلق آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ مظفرآباد سے ہے۔ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشن کیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔