شام کے علاقے سویدا میں جنگ بندی کا اعلان

شہر میں سکیورٹی چوکیاں قائم کرکے اسے شامی ریاست میں ضم کیاجائیگا،وزارت داخلہ

جمعرات 17 جولائی 2025 12:29

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ سویدا میں جنگ بندی کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ شہر میں سکیورٹی چوکیاں قائم کی جائیں گی اور اسے مکمل طور پر شامی ریاست میں ضم کر دیا جائے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ نے 14 شقوں پر مشتمل معاہدے کی تفصیلات جاری کیں جن میں تمام فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنا اور شامی ریاست اور دروز شیوخ پر مشتمل ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینا شامل ہے تاکہ عمل درآمد کی نگرانی کی جا سکے۔

معاہدے میں ریاست کی اندرونی سلامتی اور پولیس چوکیوں کو قائم کرنا اور سویدا صوبے کے پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنا شامل ہے۔ اسی طرح گھروں کی حرمت اور شہریوں کی زندگی کا احترام کرنا اور شہر کے اندر کسی بھی گھر یا نجی املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دروز رہنما شیخ یوسف جربوع نے بھی شامی حکومت کے ساتھ سویدا کے بارے میں ایک معاہدے کا اعلان کیا جس میں فوجی کارروائیوں کو روکنا اور ریاست سے باہر ہتھیاروں کے مظاہرے کا خاتمہ شامل ہے۔

دروز کے روحانی سربراہ یوسف جربوع نے فیس بک پیچ الدار پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو ریکارڈنگ میں کہا کہ دروز اور شامی حکام کے درمیان جنگ بندی اور سکیورٹی کی ضمانت کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے اور صوبے کو مکمل طور پر شامی ریاست میں ضم کیا جائے گا۔فوری طور پر تمام فوجی کارروائیوں کو مکمل طور پر روکنا اور تمام فریقوں کی جانب سے فوجی کشیدگی یا سکیورٹی فورسز اور ان کی چوکیوں کے خلاف کسی بھی قسم کے حملے کو روکنے کا عزم کیا گیا ہے۔

اس عزم میں فوجی دستوں کو ان کی چھانیوں میں واپس لانا بھی شامل ہے۔جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی اور اس کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینا۔شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ریاست کی اندرونی سلامتی اور پولیس کی چوکیاں قائم کرنا اور سویدا صوبے کے پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنا۔گھروں کی حرمت اور شہریوں کی زندگی کا احترام کرنا اور شہر کے اندر یا سویدا صوبے کے کسی بھی علاقے میں کسی بھی گھر یا نجی املاک کو نقصان نہ پہنچانا اور انہیں کسی بھی حملے یا تخریب کاری سے بچانے کا عزم کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ اور دفاع کے تعاون سے بھاری ہتھیاروں کو منظم کرنے کے لیے ایک میکانزم پر اتفاق رائے ہوا ہے تاکہ ریاست کے دائرہ کار سے باہر ہتھیاروں کے مظاہر کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ مقامی اور مذہبی رہنماں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ، سویدا صوبے کی سماجی اور تاریخی خصوصیت کا خیال رکھتے ہوئے اس عمل کو انجام دینا ہے۔سویدا کا شامی ریاست میں مکمل انضمام اور سویدا صوبے کے تمام علاقوں پر شامی ریاست کی مکمل خودمختاری کی تصدیق کی گئی ہے اور ریاست کے تمام اداروں کی بحالی اور انہیں میدان میں فعال کرنا ہے۔

ہونے والے جرائم، خلاف ورزیوں اور تجاوزات کی تحقیقات اور تصدیق کے لیے ایک مشترکہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینا اور ذمہ داروں کی نشاندہی کرنا، متاثرین کو معاوضہ دینا اور مالکان کو ان کے حقوق واپس دلانا ہے۔دمشق - سویدا شاہراہ کو ریاست کی جانب سے محفوظ بنانا اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔حالیہ واقعات میں گرفتار ہونے والوں کی فوری رہائی اور لاپتہ افراد کی قسمت کا پتہ لگانے کے لیے کام کرنا ہے۔