Live Updates

بارش نے ایک بار پھر اسلام آباد میں مبینہ ناقص تعمیرات کا پول کھول دیا

45 دن کی ریکارڈ مدت میں بننے والے ایف 8 انٹرچینج کی سڑک کا ایک حصہ بیٹھ گیا، ای الیون فلائی اوور کی روڈ پر دراڑیں پڑگئیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 12:37

بارش نے ایک بار پھر اسلام آباد میں مبینہ ناقص تعمیرات کا پول کھول دیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش نے ایک بار پھر مبینہ ناقص تعمیرات کا پول کھول دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں جاری بارش کے دوران اسلام آباد میں 45 دنوں کی ریکارڈ مدت میں تعمیر ہونے والے ایف ایٹ انٹرچینج منصوبہ بھی شدید متاثر ہوا جہاں موسلادھار بارش میں ایف ایٹ سے نائتھ ایونیو کو جانے والی سڑک بیٹھ گئی، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں سی ڈی اے کے عملے اور افسران کو بحالی کے کام میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے، حکومت نے اس منصوبے کو طیب اردگان انٹر چینج کا نام دیا، اس منصوبے کو مکمل ہوئے ابھی تقریباً صرف 6 ماہ ہی مکمل ہوئے ہیں لیکن بارش میں یہ سڑک تیسری بار بیٹھ چکی ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور منصوبے کی ویڈیو میں سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلام آباد کے ای الیون فلائی اوور کی ایک سائیڈ کے روڈ پر بھی دراڑیں پڑ چکی ہیں، عملے کی جانب سے ان دراڑوں میں مٹی ڈال کر انہیں چھپانے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے شہر اقتدار میں کم عرصے میں مکمل ہونے والا جناح سکوائر منصوبہ مون سون کی پہلی بارش بھی برداشت نہ کرسکا اور وفاقی دارالحکومت میں 84 دن میں 4.2 ارب سے حال ہی میں بننے والا جناح سکوائر منصوبہ بارش میں بیٹھ گیا، جناح سکوائر منصوبے کا حصہ سرینہ چوک سے آبپارہ جانے والی سڑک دو گھنٹے کی بارش کو برداشت نہ کرسکی اور بیٹھ گئی، یہ وہ ہی سڑک ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ دو ماہ کے قلیل وقت میں مکمل کی گئی اور اس سال کے شروع میں بڑے دھوم دھام سے اس پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا تھا۔

 
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات