ایشیاء کپ 2025ء: بھارتی وزیرکھیل کا بیان آگیا، پاک بھارت ٹاکرے کی راہیں ہموار

ایشیاء کپ میں پاک بھارت ٹیمیں کم از کم 2 مرتبہ مد مقابل ہوں گی، روایتی حریف 7 اور 14 ستمبر کو مد مقابل ہوں گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جولائی 2025 12:44

ایشیاء کپ 2025ء: بھارتی وزیرکھیل کا بیان آگیا، پاک بھارت ٹاکرے کی راہیں ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جولائی 2025ء ) ایشیاء کپ 2025ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے کے لیے راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔ 
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیاء کپ 2025ء میں بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف میچ کھیلےگی۔ 
بھارتی حکومت نے انڈین بورڈ کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے وزیر کھیل منسکھ منداویا کے بیان کے بعد صورتحال واضح ہوئی ہے۔

 
بھارتی وزیر کھیل نے نیشنل اسپورٹس گورنس کے دوران پالیسی بیان میں کہا کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے، ہمیں پاکستان کے ساتھ کسی بھی انٹرنیشنل مقابلے میں کھیلنے پر مسئلہ نہیں، چاہے یہ کرکٹ ہو یا ہاکی یا کوئی کھیل، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ، جب ہاہمی سیریز یا مقابلوں کی بات ہو تو سب کو حکومتی مؤقف کا علم ہے۔

(جاری ہے)

 

خیال رہے کہ ایشیا کپ مجوزہ شیڈول کے مطابق 5 سے 21 ستمبر تک کھیلا جائےگا۔

 
ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹیمیں کم از کم دو مرتبہ مد مقابل ہوں گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 7 اور 14 ستمبر کو مد مقابل ہوں گی۔