بھارتی فوج نے لداخ میں آکاش پرائم ایئر ڈیفنس سسٹم کا تجربہ کرلیا

برازیل ’’آکاش میزائل سسٹم‘‘ کو غیر تسلی بخش قرار دے چکا ہے،رپورٹ

جمعرات 17 جولائی 2025 16:39

لیہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) بھارتی فوج نے لداخ سیکٹر میں 15ہزارسے زائد فٹ کی بلندی پر مقامی طور پر تیار کردہ آکاش پرائم ایئر ڈیفنس سسٹم کاتجربہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ تجربہ آرمی ایئر ڈیفنس نے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے سینئر حکام کی موجودگی میں کیاجس نے یہ نظام تیار کیا ہے۔

بھارتی فوج نے تجربے کی کایابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں نے انتہائی اونچائی والے علاقے میں اہداف کوکامیابی سے نشانہ بنایا ۔آکاش پرائم ایئر ڈیفنس سسٹم پر میزائل کو 4500 میٹر تک کی بلندی پر نصب کیا جا سکتا ہے اور 25-30 کلومیٹر کے فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل خبر آئی تھی کہ بھارت کے مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم آکاش کو بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں بڑا جھٹکالگا ہے کیونکہ برازیل نے 'آکاش' میزائل کی خریداری کے حوالے سے بھارت کیساتھ جاری بات چیت کو فی الحال روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل نے میزائل کی کارکردگی کو کچھ اہم آپریشنل پیرامیٹرز میں غیر تسلی بخش پایا ہے۔رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ برازیل نے 'آکاش' کو تیز رفتار اور کم اونچائی والے اہداف سے نمٹنے میں کم موثر پایا ہے۔ آج کے ہائبرڈ جنگی منظر نامے میں جہاں ڈرونز، کروز میزائلوں اور سمارٹ بموں کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، ایسے میںبرازیل کو لگتا ہے کہ 'آکاش' موجودہ خطرات کا سامنا کرنے کی پوری صلاحیت نہیں رکھتا۔