مسلم کانفرنس ایم ایس ایف سٹی مظفرآباد کی تنظیم نو کا اعلان، راجہ نقاش سہراب صدر منتخب

ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم کو ایک متحرک، باشعور اور باکردار طلبہ تنظیم کے طور پر برقرار رکھیں گے

جمعرات 17 جولائی 2025 16:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی ذیلی طلبہ تنظیم مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) سٹی مظفرآباد کی تنظیم نو کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ اس موقع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس کی صدارت مسلم کانفرنس یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف کے سینئر رہنماؤں راجہ اکمل ظفر، راجہ قذافی الطاف، راجہ شہوار عظیم، اور راجہ افتخار اکرم نے کی۔

اجلاس کے دوران تفصیلی مشاورت کے بعد راجہ قذافی الطاف نے تنظیمی ذمہ داران کا اعلان کیا، جن کی تفصیل درج ذیل ہی:صدر: راجہ نقاش سہراب۔جنرل سیکرٹری: فوزان مغل۔چیف آرگنائزر: راجہ سعد۔سینئر نائب صدر: چوہدری عدیل۔نائب صدر: راجہ صائم۔سیکرٹری مالیات: منان میر۔سیکرٹری سوشل میڈیا: منان اعظم۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف آرگنائزر: راجہ آریز۔سیکرٹری اطلاعات: راجہ حیدراس موقع پر سینئر قائدین اور نومنتخب عہدیداران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایف ایک نظریاتی طلبہ تنظیم ہے جو بانیانِ جماعت قائد ملت چوہدری غلام عباسؒ اور مجاہدِ اول سردار محمد عبدالقیوم خانؒ کے نظریات و افکار کی امین ہے۔

ایم ایس ایف نے ہمیشہ الحاقِ پاکستان کے نظریے کو نوجوان نسل تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اس مشن کو جاری رکھا جائے گا۔قائدین نے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہی کے وژن کے مطابق جماعتی سرگرمیوں کو مزید فعال کریں گے۔ نومنتخب عہدیداران کو اجلاس کے اختتام پر پاکستانی پرچم پیش کیے گئے، جس سے اُن کے جذبہ حب الوطنی اور عزمِ وفا کی ترجمانی کی گئی۔

تقریب میں شریک تمام نوجوانوں نے عہد کیا کہ وہ کشمیر کی نظریاتی، سیاسی اور آئینی شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے صفِ اول کا کردار ادا کریں گے اور ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم کو ایک متحرک، باشعور اور باکردار طلبہ تنظیم کے طور پر برقرار رکھیں گے۔