پاکستان کرکٹ بورڈ کے اندر ہٹلر راج لگا ہوا ہے ، سپورٹس صحافی ثنا اللہ خان

ایک صحافی نے محسن نقوی سے سوال پوچھ لیا، پریس کانفرنس کے بعد اسکے آفس پہنچنے سے پہلے اسکے بیورو چیف کو فون کر دیا گیا کہ آپکے بندے نے چیئرمین صاحب سے اتنا الٹا سوال پوچھ لیا: ثنا اللہ خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جولائی 2025 14:24

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اندر ہٹلر راج لگا ہوا ہے ، سپورٹس صحافی ثنا اللہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جولائی 2025ء ) سپورٹس صحافی ثناء اللہ خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں ہٹلر راج لگا ہوا ہے، کوئی صحافی محسن نقوی سے تھوڑا سا سخت سوال بھی نہیں کرسکتا ہے۔ 
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ایک صحافی نے محسن نقوی سے سوال پوچھ لیا، پریس کانفرنس کے بعد اس کے آفس پہنچنے سے پہلے اس کے بیورو چیف کو فون کر دیا گیا، کہ آپ کے بندے نے چیئرمین صاحب سے اتنا الٹا سوال پوچھ لیا، اب وہ بندہ ڈر کے مارے محسن نقوی کی پریس کانفرنس میں ڈر کے مارے سوال نہیں کرتا کہ کہیں نوکری سے نا نکال دیا جائوں۔

 
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک اور صحافی نے کسی ٹی وی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر تنقید کردی جس پر ان کے چینل کو بول کر ان کی بیٹ بھی تبدیل کروادی گئی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر عامر میر کی کوالی فکیشن کیا ہے؟، صرف یہ کہ وہ حامد میر کے بھائی ہیں جن کی بڑے ایوانوں تک پہنچ ہے۔    
واضح رہے کہ انگریزی اخبار ’دی نیوز‘ کے سینئر صحافی انصار عباسی نے انکشاف کیا تھا کہ پی سی بی نے ان کے ادارے کے سپورٹس صحافی آشر بٹ کو آڈٹ رپورٹ سے متعلق سوالات پوچھنے پر پی سی بی کے میڈیا واٹس ایپ گروپ سے فارغ کردیا ہے۔

 
انصار عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ "یہ چونکا دینے والی بات ہے کہ ہمارے سینئر اسپورٹس صحافی آشر بٹ کو پی سی بی کے میڈیا واٹس ایپ گروپ سے صرف اس لیے نکال دیا گیا کیونکہ انہوں نے میری پی سی بی آڈٹ اسٹوری پر پی سی بی کا مؤقف بھی جاننے کی کوشش کی۔ کیا پی سی بی ایسے صحافیوں کے ساتھ یہی سلوک کرتا ہے جو خبر کے دونوں پہلو جاننا چاہتے ہیں؟"۔
 
بعض دیگر صحافیوں نے بھی پی سی بی کے اس افسوس ناک اقدام کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔