Live Updates

قدرتی آفات سے انکار نہیں مگر ان سے نمٹنے کی صلاحیت اور وسائل دستیاب نہ ہونا حکومتی نا اہلی ہے‘ حسن مرتضیٰ

کیا حکومت اور انتظامیہ کا کام صرف الرٹ جاری کر دینا ہوتا ہی ‘پنجاب میں حالیہ بارش کے دوران جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

جمعرات 17 جولائی 2025 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے پنجاب میں حالیہ بارش کے دوران جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج وملال ہوا،جس پر میں ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشیں، سیلاب، اور موسمیاتی تباہ کاریاں کوئی اچانک آنے والی آفت نہیں،قدرتی آفات سے انکار نہیں مگر ان سے نمٹنے کی صلاحیت اور وسائل دستیاب نہ ہونا حکومتی نا اہلی ہے۔حسن مرتضی نے سوال کیا کہ کیا حکومت اور انتظامیہ کا کام صرف الرٹ جاری کر دینا ہوتا ہی پورا پنجاب ڈوبا ہوا ہے اور ہر سال اسکی پیشگوئی ہوتی ہے مگر حکومتی تیاری صفر ہوتی ہے،اگر متعلقہ حکام بروقت اقدامات کرتے توکسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔

(جاری ہے)

حسن مرتضی نے مذید کہا کہ لاہور، فیصل آباد، پنڈی، اسلام آباد جیسے بڑے شہر نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث بدترین شہری سیلاب کی زد میں آئے۔پنجاب بھر میں بارشوں اور سیلاب کی صورتحال تشویشناک ہے حکومت ہنگامی اقدامات کرے اوربارشوں کے نتیجے میں کسانوں کو ہونیوالے نقصانات کا ازالہ ممکن بنایا جائے نیزگرنے والے گھروں کے رہاشیوں کو فی الفور چھت فراہم کی جائے اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات