سعودی عرب،رہائشی ضوابط کی خلاف ورزی پر 7عمرہ کمپنیوں کے خلاف کاراروائی

عمرہ زائرین کے لئے مقررہ ضوابط کی خلاف روزیاں ناقابل معافی ہیں ،وزارت حج وعمرہ کا بیان

جمعرات 17 جولائی 2025 16:59

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے عمرہ زائرین کے لئے مخصوص رہائش کے ضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے والی 7 کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا۔ اردو نیوز کے مطابق وزارتِ حج نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی رہائش کے معیار کو مقرر کیا گیا ہے جس پرعمل درآمد نہ کرنا ضوابط کی سنگین خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کی تفتیشی کمیٹی نے جن عمرہ کمپنیوں کے خلاف رہائشی ضوابط کی خلاف ورزی ریکارڈ کی تھی وہ سنگین نوعیت کی تھی جس پر کمیٹی نے فوری طور پراسے رپورٹ کیا۔کمیٹی کی رپورٹ پر متعلقہ ادارے کی جانب سے ایکشن لیتے ہوئے کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ۔وزارت نے کہا کہ عمرہ زائرین کے لئے مقررہ ضوابط کی خلاف روزیاں ناقابل معافی ہیں جن پر وزارت کی جانب سے فوری تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔وزارت حج وعمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ضوابط پر عمل درآمد کویقینی بنائیں جس کا مقصد عمرہ زائرین کو مکمل سہولت و اطمینان فراہم کرنا ہے۔ ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔