پاکستان کا برطانیہ کی فضائی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم، فضائی سلامتی کے معیارات پر پورا اترنے کو سراہنے اور تشخیص میں تعاون پر اظہار تشکر

جمعرات 17 جولائی 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) پاکستان نے برطانیہ کی فضائی سلامتی کی کمیٹی کے فیصلے کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ہےجس کے تحت پاکستانی ہوائی کمپنیوں کو یوکے ایئر سیفٹی لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس فیصلے کے بعد پانچ سال کے وقفے کے بعد برطانیہ کے لئے پاکستانی تجارتی پروازیں دوبارہ شروع ہو سکیں گی۔

یہ ایک اہم فیصلہ ہے جو پاکستان کی گزشتہ کئی سالوں کی مسلسل سفارتی اور تکنیکی کوششوں کی تصدیق ہے۔پاکستان نے بین الاقوامی فضائی سلامتی کے اعلیٰ ترین معیارات کو پورا کرنے اور برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ پابندی کے خاتمے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رابطے کی بحالی ہوگی، جو برطانیہ میں رہنے والے لاکھوں پاکستانیوں کے لئے سہولت فراہم کرے گی اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی، ثقافتی اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنائے گی۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں تقریباً 1.7 ملین پاکستانی نژاد افراد کی بڑی کمیونٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے، براہِ راست پروازوں کی بحالی سے خاندانوں، کاروبار، سیاحت اور تجارت کو نمایاں فائدہ ہوگا۔ پاکستان برطانیہ کا شکریہ ادا کرتا ہے کہ اس نے پاکستان کی فضائی سلامتی کے معیارات پر پورا اترنے کی کوششوں کو سراہا اور تشخیص کے عمل میں تعاون کیا۔\932