جرمنی نے یورپی یونین کا دو ٹریلین یورو کا بجٹ ناقابل قبول قرار دے دیا

جمعرات 17 جولائی 2025 17:00

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) جرمنی نے یورپی یونین کی جانب سے پیش کردہ 2 ٹریلین یورو حجم کے طویل المدتی بجٹ کو ’’ناقابل قبول حد تک بڑا‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے ۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جرمن حکومت کے ترجمان اسٹیفن کورنیلیئس نے ایک بیان میں کہاکہ ایسے وقت میں جب تمام رکن ممالک اپنے قومی بجٹ کو مستحکم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں تو یورپی یونین کے بجٹ میں بھاری اضافہ ناقابل قبول ہے ، ہم یورپی کمیشن کی اس تجویز کو قبول نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپی کمیشن کی جانب سے کمپنیوں پر مجوزہ اضافی ٹیکسوں کی حمایت بھی نہیں کرے گا۔یورپی کمیشن نے فنڈز اکٹھے کرنے کے لئے جو نئے ذرائع تجویز کئے ہیں ان میں ان بڑی کمپنیوں پر ٹیکس لگانا شامل ہے جن کی سالانہ خالص آمدنی 100 ملین یورو سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیفن کورنیلیئس نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں یورپی کمیشن کی اصلاحاتی مہم کو برقرار رکھنا چاہیے اور بجٹ کو نئی ترجیحات پر مرکوز رکھنا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی 2028 سے 2034 کے لئے پیش کردہ طویل المدتی بجٹ تجاویز کا مقصد بین الاقوامی مسابقت سے نمٹنا، روس کے خلاف اقدامات اور یورپی یونین کی مسابقت کو بہتر بنانا ہے،اس منصوبے میں جنگ زدہ یوکرین کی تعمیر نو کے لئے 100 ارب یورو مختص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے اور زرعی شعبے کے لئے دی جانے والی وسیع سبسڈی ’’ مشترکہ زرعی پالیسی ‘‘پر بھی نظرِ ثانی کی بات کی گئی ہے۔