وزیراعلیٰ سندھ کا سندھ پبلک سروس کمیشن کے ٹھنڈی سڑک کے دفاتر کا دورہ ، کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ لیبارٹری کا افتتاح

جمعرات 17 جولائی 2025 17:32

وزیراعلیٰ سندھ کا سندھ پبلک سروس کمیشن کے ٹھنڈی سڑک کے دفاتر کا دورہ ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے ٹھنڈی سڑک کے دفاتر کا دورہ اور کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ لیبارٹری کا افتتاح کیا اور کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن نے شفاف نظام قائم کیا ہے، اہل میدواروں کا میرٹ پر انتخاب ناگزیر ضرورت ہے۔ایس پی ایس سی کے دفاتر میں چیئرمین محمد وسیم اور کمیشن ارکان نے وزیر اعلی کا خیر مقدم کیا، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، جام خان شورو بھی موجود تھے۔

وزیر اعلی مراد علی شاہ نے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ سی بی ٹی لیبارٹری کا افتتاح کیا اور افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی،وزیر اعلی نے کمپیوٹرائیزڈ ٹیسٹ دے کر سسٹم کی کارکردگی بھی دیکھیں، ٹیسٹ میں مراد علی شاہ نے 20 میں سے 18 نمبر حاصل کئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ ایس پی ایس سی کا شفاف، میرٹ پر مبنی اور جدید نظام مثالی ہے ہمیں اہل افرادی قوت کا انتخاب کرنا ہے تاکہ ہمارے ادارے بہتر کام کریں، اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں ناگزیر ضرورت ہے، امتحانات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابلِ تحسین قدم ہے۔

چیئرمین محمد وسیم نے بریفنگ میں وزیر اعلی کو بتایا کہ شفاف بھرتیوں کے لئے جدید ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی ہے، 500 ٹیبلز پر مشتمل سی بی ٹی لیب میں روزانہ 2000 ٹیسٹ کی صلاحیت ہے اور سی بی ٹی لیب سے امتحانات میں شفافیت اور فوری نتائج ممکن ہیں، پبلک سروس کمیشن یہ نظام متعارف کرانے والا پہلا ادارہ ہے اب جانچ پڑتال میں غلطی کا امکان کم ہو گا، انہوں نے بتایا کہ ایس پی ایس سی انتظامیہ نے 20 ہزار سے زائد سفارشات مختلف سرکاری محکموں کے لئے پیش کی ہیں۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے زیر تعمیر ایس پی ایس سی سیکریٹریٹ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔سیکریٹری ورکس نواز سوہو نے بریفنگ دی اور بتایا کہ ایس پی ایس سی سیکریٹریٹ کمپلیکس کی تعمیر آخری مرحلے میں ہے، ایس پی ایس سی عمارت بیسمنٹ، گرانڈ اور پانچ منزلہ ہے یہ 2517.430 ملین روپے لاگت کا منصوبہ ہے، اب تک 2257.242 ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 26-2025 کے لئے 258.400 ملین روپے درکار ہیں، ابھی تک فنڈز جاری نہیں ہوئے جس پر وزیر اعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فنڈز جلد جاری کئے جائیں۔

ڈیجیٹل لائبریری میں بیک وقت 300 امیدواروں کے مطالعے کی گنجائش ہے امیدواروں کے لئے انتظار گاہ بھی قائم کی ہیامتحانی برانچ، میڈیا روم، کنٹرول روم اور آئی ٹی لیب منصوبے کا حصہ ہیں، کملیکس کی تعمیر سے دوسرے اداروں پر انحصار کی ضرورت نہیں رہے گی۔وزیر اعلی سندھ کا منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔

موجودہ انتظامیہ کی طرف سے 100 سے زائد ملازمین کو ترقی دینے اور تنخواہوں میں اضافہ اور تزئین و آرائش کے کاموں سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر اعلی نے ملازمین کی ترقی اور تنخواہوں میں اضافے کو سراہا، وزیر اعلی نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کافی مشکلات کا شکار رہا ہے، مجھے ہر صوبائی ادارے میں بہترین افسران چاہئیں جو کمیشن کے ذریعے آ سکتے ہیں، ڈاکٹروں، انجنیئرز اور دیگر شعبوں کے لئے ٹیسٹ جلد مکمل کئے جائیں۔