ایشیاء کپ : پاکستان کتنی بار فاتح رہا؟ سب سے زیادہ بار کس ملک نے جیتا؟

8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، بھارت ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گا، ٹورنامنٹ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 ستمبر 2025 10:55

ایشیاء کپ : پاکستان کتنی بار فاتح رہا؟ سب سے زیادہ بار کس ملک نے جیتا؟
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2025ء ) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہونے جا رہا ہے، شائقین ایونٹ میں سنسنی خیز مقابلے کیلئے پر امید ہیں۔
ایشیاء کپ 2025 میں 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بھارت ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ 
ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، اومان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

1984ء میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اب تک 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں۔ 
واضح رہے کہ بھارت سب سے زیادہ ایشیا کپ جیتنے والا ملک ہے جس نے یہ ٹورنامنٹ 8 بار اپنے نام کیا ہے۔

(جاری ہے)

 

بھارت نے ایشیا کپ 1984ء، 1988ء، 91-1990ء، 1995ء، 2010ء، 2016ء، 2018ء اور 2023ء میں جیتا۔ 
سری لنکا ایشیا کپ 6 بار اپنے نام کرچکا ہے۔ اس نے یہ ٹورنامنٹ 1986ء، 1997ء، 2004ء، 2008ء، 2014ء، 2022ء اپنے نام کیا۔

 
پاکستان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اب تک 2 بار جیت چکا ہے۔ گرین شرٹس نے پہلی بار ایشیا کپ 2000ء میں اپنے نام کیا جس کے بعد 2012ء میں دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔
شائقین نہ صرف ایونٹ میں دلچسپ اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں بلکہ وہ ایشیا کپ 2025ء کی انعامی رقم کے بارے میں بھی تجسس رکھتے ہیں۔ 
رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے ابھی تک ٹورنامنٹ کی انعامی رقم کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے البتہ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایونٹ کی انعامی رقم کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

 
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025ء کی فاتح ٹیم کو تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر (ساڑھے8 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) رقم ملے گی جب کہ رنرز اپ کو تقریباً ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر ( 4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔