جی سی سی رہائشیوں کیلئے کویت کے ای ویزہ کی سہولت

اصلاحات کے لیے ای ویزہ سروس عارضی طور پر معطلی کے بعد نئے پلیٹ فارم نے کام شروع کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 16:28

جی سی سی رہائشیوں کیلئے کویت کے ای ویزہ کی سہولت
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیج تعاون کونسل (GCC) ممالک میں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر تارکین وطن اب کویت کے اپ گریڈ کردہ آن لائن ویزہ پلیٹ فارم کے ذریعے ای ویزہ کی درخواست دے سکتے ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق دسمبر 2024 میں کویت نے نظام میں اہم اصلاحات متعارف کرانے کے لیے اپنی ای ویزہ سروس عارضی طور پر معطل کر دی تھی تاہم نیا پلیٹ فارم kuwaitvisa.moi.gov.kw اب لائیو ہے، جس میں ویزہ کی درخواست کے عمل کو تیز تر اور ہموار کیا جا رہا ہے، چاہے آپ کام کے لیے کویت کا سفر کر رہے ہوں، خاندان یا دوستوں سے مل رہے ہوں یا صرف وزٹ کرنا چاہ رہے ہوں جی سی سی کے رہائشی اہلیت اور مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ درخواست دینے کے اہل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، عمان اور بحرین کے رہائشی جو مخصوص پیشہ ورانہ مہارت و ڈگری رکھتے ہیں وہ ای ویزہ کے لیے درخواست دینے یا آمد پر ویزہ حاصل کرنے کے اہل ہیں، کویت کے ای ویزہ پورٹل پر ڈاکٹر، وکیل، انجینئر، استاد، جج یا پراسیکیوٹر، کنسلٹنٹ، پروفیسر، صحافی، پریس اور میڈیا پروفیشنل، پائلٹ، سسٹم اینالسٹ یا کمپیوٹر پروگرامر، فارماسسٹ، مینیجر، کاروباری شخص، شیئر ہولڈر، ڈائریکٹر یا آفیسر، ڈپلومیٹک کور کے ممبر ای ویزہ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، یو اے ای کے رہائشیوں کے لیے اہلیت کا تعین ان کے ایمریٹس آئی ڈی پر درج پیشے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کویت ای ویزہ کے لیے مطلوبہ دستاویزات آپ کی قومیت کی بنیاد پر مختلف ہو سکتی ہیں، عام طور پر درخواست دہندگان کو جن دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے، ان میں ایک پاسپورٹ کم از کم چھ ماہ کے لیے درست ہے، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر اور کنفرم راؤنڈ ٹرپ فلائٹ ٹکٹ شامل ہے، ویزہ کی قسم کے لحاظ سے اضافی دستاویزات کی ضرورت بھی ہوسکتی ہے، متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے پاس کم از کم چھ ماہ کی میعاد کے ساتھ ایمریٹس آئی ڈی ہونا چاہیئے، ای ویزہ کے لیے کویت میں اپنے قیام اور ہوائی اڈے پر ویزا کاؤنٹر پر ویزا کے لیے درخواست دیتے وقت رہائش کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ ای ویزہ کے لیے اپلائی کرنے کے خواہشمند آفیشل ویب سائٹ kuwaitvisa.moi.gov.kw پر جائیں، نیچے سکرول کریں اور اپنے ویزہ کی قسم کو بطور 'سیاح' منتخب کریں، اپنی قومیت درج کریں اور واضح کریں کہ آیا آپ جی سی سی کے کس ملک میں رہتے ہیں، اس کے بعد آپ کو ای ویزہ یا آمد پر ویزہ کے لیے آپ کی اہلیت کے بارے میں مطلع کیا جائے گا، 'ابھی اپلائی کریں' پر کلک کریں اور اپنا ای میل پتہ، پورا نام، موبائل نمبر اور پاس ورڈ فراہم کرکے اکاؤنٹ کے لیے سائن اپ کریں، آپ کے ای میل پر بھیجے گئے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کریں۔

علاوہ ازیں اپنی جی سی سی رہائش کی تفصیلات بتا کر اپنی درخواست شروع کریں، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کریں، جیسے کہ پاسپورٹ کی تصویر اور متعلقہ پاسپورٹ کے صفحات ضروری ہیں، اپنی درخواست کا جائزہ لیں، تفصیلات کی تصدیق کریں، اور ویزہ فیس آن لائن ادا کریں، اپنی درخواست جمع کروائیں جس کے بعد کارروائی کی جائے گی، آپ اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کرکے اپنی درخواست کی حیثیت کو ٹریک کرسکتے ہیں، اطلاعات آپ کے ای میل پر بھی بھیجی جائیں گی، کویت کا سیاحتی ویزہ جاری ہونے کی تاریخ سے 30 دن کے لیے کارآمد ہے جس میں داخلے کی تاریخ سے زیادہ سے زیادہ 90 دن تک قیام کیا جاسکتا ہے، ویزہ کی قسم اور درخواست دہندہ کی قومیت کی بنیاد پر فیس مختلف ہوتی ہے جو تقریباً 3 کویتی دینار سے شروع ہوتی ہے۔