کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا انکشاف

منگل 2 ستمبر 2025 16:41

کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کردیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پولیو مہم کا آغاز پروفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے سہراب گوٹھ سے بچوں کو قطرے پلا کر کیا، اس موقع پر وزیر صحت نے انکشاف کیا کہ شہر میں ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا ہے۔

مصطفی کمال نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کے دشمن نہ بنیںکیونکہ پولیو کا کوئی علاج نہیں جبکہ کینسر کا علاج موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھی مسلمان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، لیکن ہمارے ہاں اسے غلط رنگ دے کر بچوں کے مستقبل سے کھیلا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے واضح کیا کہ کسی کو زبردستی پولیو ویکسین نہیں پلائی جائے گی اور نہ ہی پولیس والدین کو مجبور کرنے کے لیے گھروں میں جائے گیتاہم والدین کو سوچنا ہوگا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے بغیر وہ اپنے ہی بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

اس موقع پر افغانی قونصل جنرل عبدالجبار نے بھی والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو ویکسین لازمی پلائیں۔وزیر صحت نے علاقہ عمائدین کو بھی مہم میں شامل کرنے کا اعلان کیا تاکہ والدین کو بہتر انداز میں آگاہی دی جا سکے۔