لاہور، بیوہ خاتون کے گھرسے 30 لاکھ مالیت کے زیورات چوری کرنے والی ٹیچر گینگ سمیت گرفتار

پولیس نے مرکزی ملزمہ سمیت 3 خواتین کو پاک پتن سے گرفتارکیا، مرکزی ملزمہ مدعیہ کے نجی ٹیوشن سینٹر میں بطور ٹیچر فرائض سرانجام دے رہی تھی،ملزم خواتین کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ایس پی انوسٹی گیشن

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 جولائی 2025 16:30

لاہور، بیوہ خاتون کے گھرسے 30 لاکھ مالیت کے زیورات چوری کرنے والی ٹیچر ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی 2025)لاہور میں پولیس نے بیوہ خاتون کے گھرسے زیورات چوری کرنے والی مرکزی ملزمہ ٹیچر کوگینگ سمیت گرفتارکرلیا، ساندہ میں پولیس نے 30 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چرانے کا معمہ حل کرلیا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے خصوصی ٹاسک پر مرکزی ملزمہ سمیت 3 خواتین کو پاک پتن سے گرفتارکیا گیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کے مطابق مرکزی ملزمہ مدعیہ کے نجی ٹیوشن سینٹر میں بطور ٹیچر فرائض سرانجام دے رہی تھی۔ اسی دوران ملزمہ نے گھر کی چابی چرا کر اس کی ڈپلیکیٹ چابی بنا لی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھر والوں کی عدم موجودگی میں خواتین ملزمان گھر سے 10 تولے طلائی زیورات اور نقدی چوری کر کے فرار ہوگئیں تھیں۔

(جاری ہے)

ملزم خواتین کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کروا کر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے پولیس ٹیم کیلیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں گھر کے مکینوں کو نشہ آور چائے پلا کر گھروں کا صفایاکرنے والی ایک اور کروڑ پتی ماسی گرفتارکیاگیاتھا۔

دوران تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آگئے تھے۔ملزمہ نے دوران تفتیش کراچی کے علاوہ راولپنڈی میں بھی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا تھا۔بتایا گیا تھا کہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے ایک اور کروڑ پتی ماسی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ چوری کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ مہرین اسلام آباد کی ایک جیل میں 3 سال گزار چکی تھی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ علی حسن کا کہنا ہے کہ گرفتار گھریلو ملزمہ کی شناخت فرزانہ کوثر عرف مہرین کے نام سے کی گئی جو کہ ایک بنگلے سے 65 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کر کے کراچی سے فرار ہوگئی تھی۔ ملزمہ نے تفتیشی حکام کو بیان دیاتھا کہ قید کے دوران جیل میں سلائی کا کام کرنے پر سابق وزیراعظم نے اسے ایوارڈ بھی دیا تھا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کایہ بھی کہنا تھا کہ گرفتار گھریلو ملزمہ کی شناخت فرزانہ کوثر عرف مہرین کے نام سے کی گئی جو کہ ایک بنگلے سے 65 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کر کے کراچی سے فرار ہوگئی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمہ مہرین کا تعلق فیصل آباد سے ہے اس کے خلاف لاہور میں بھی متعدد مقدمات درج تھے ۔