یونان کشتی حادثہ کیس: ملزم مظہر اقبال کی ضمانت منظور

ملزم پر ماموں اور بھانجے کو غیر قانونی طور پر بھجوانے کے لیے 66 لاکھ لینے کا الزام تھا

جمعرات 17 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے یونان کشتی حادثہ سے متعلق کیس میں نامزد ملزم مظہر اقبال کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ملزم کو جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔جسٹس سید شہباز علی رضوی نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایف آئی اے گوجرانوالہ کے ڈائریکٹر عبدالقادر قمر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے پیش رفت رپورٹ جمع کروائی۔

سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزم مظہر اقبال نے اپنے ماموں اور بھانجے کو غیر قانونی طریقے سے یونان بھجوانے کے لیے 66 لاکھ روپے وصول کیے۔ بعد ازاں کشتی حادثہ میں ماموں جاں بحق ہو گیا جبکہ بھانجا کشتی میں سوار ہونے سے انکار پر محفوظ رہا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کیا گیا اور تفتیش میں اسے قصوروار پایا گیا۔

وکیل صفائی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے مؤکل کی جانب سے 6 لاکھ روپے واپس بھی کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف مقدمہ زیر التواء ہے اور وہ مزید جیل میں رہنے کا متحمل نہیں لہٰذا اس کی ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم مظہر اقبال کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔