بھاگ، بچوں کی صحت، وزن، صفائی ستھرائی اور غذائی نشوونما کی بنیاد پر بہترین بچوں کا انتخاب کیا گیا

جمعرات 17 جولائی 2025 22:44

بھاگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) منسٹر محترمہ ہادیہ نواز، سیکرٹری بہبود آبادی ظفر احمد بلیدی اور ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن عظیم خان کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر ضلعی آفیسر بہبود آبادی ضلع کچھی کی زیرِ نگرانی عالمی یوم آبادی کی مناسبت سے فلائی مرکز مچھ میں ایک رنگا رنگ "بے بی شو" کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقہ بھر سے خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں صحت مند بچوں کے درمیان مقابلہ منعقد ہوا، جس میں بچوں کی صحت، وزن، صفائی ستھرائی اور غذائی نشوونما کی بنیاد پر بہترین بچوں کا انتخاب کیا گیا۔ اس موقع پر ماں اور بچے کی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔فیلڈ ٹیکنیکل آفیسر محترمہ رضیہ افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے، خاندانی منصوبہ بندی، اور اس کے ماں و بچے کی صحت پر مثبت اثرات سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں.دیگر مقررین فیملی ویلفیئر کونسلر شائستہ اختر، راشدہ جبیں، لال گل، فوزیہ بی بی اور بابو گیان چند نے بھی خطاب کرتے ہوئے خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ میں عوامی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ خصوصی، ضلعی آفیسر بہبود آبادی میر جاوید بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یوم آبادی منانے کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان وزیر محترمہ ہادیہ نواز، سیکرٹری ظفر احمد بلیدی اور عظیم خان کاکڑ کی رہنمائی میں تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ چھوٹے خاندان کے تصور کو فروغ دینے کے لیے مثر اقدامات کر رہی ہی.انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ملکی وسائل پر بوجھ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے محکمہ بہبود آبادی رورل ہیلتھ سینٹرز، فیملی ویلفیئر سینٹرز، موبائل سروس یونٹس اور سوشل موبیلائزرز کے ذریعے عوام کو آگاہی، مشاورت، علاج اور ادویات کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

پروگرام کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں اور شریک خواتین میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے شرکا کی حوصلہ افزائی ہوئی اور تقریب کا اختتام خوشگوار ماحول میں ہوا۔آخر میں میر جاوید بلوچ نے صحافیوں، اساتذہ، طلبہ، نوجوانوں، انجینیئرز، سماجی کارکنوں، سیاستدانوں اور کاروباری افراد سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار مستقبل کے لیے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے عمل میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔