اسلام آباد ہائیکورٹ،پی او آر کارڈ ہولڈر افغان مہاجرین کے انخلا پر حکم امتناع کی استدعا مسترد

جمعرات 17 جولائی 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کے انخلا پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی جبکہ جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ 30 جون تک افغانیوں کو وطن واپس جانا تھا، اس کے بعد مہاجرین کو کوئی پروٹیکشن نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی او آر کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کو واپس نہ بھجوانے سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کی درخواست پر سماعت جسٹس انعام امین منہاس نے کی۔درخواست گزار کی جانب سے عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے، اور حکومتی اقدامات کو کیس کے فیصلے تک روکنے کی استدعا کی۔

جسٹس انعام امین منہاس نے استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جو پالیسی ہے عدالت اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔فاضل جج نے کہا کہ 30 جون تک افغان شہریوں کو اپنے وطن واپس جانا ہے، حکومت کہہ رہی ہے ہم نے مہاجرین کا کنٹریکٹ سائن نہیں کیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ 30 جون کے بعد افغان شہریوں کو کوئی پروٹیکشن نہیں دی جا سکتی، عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔