عوام کو درپیش مسائل ،تعلیم ،صحت ،پانی سے متعلق مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،ملک نعیم بازئی

جمعرات 17 جولائی 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم خان بازئی نے کہاہے کہ عوام کو درپیش مسائل ،تعلیم ،صحت ،پانی سے متعلق مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،معاشرے میں بہترین سیاسی ومذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،عوامی مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے ملاقات کرکے ان کے حل کیلئے لائحہ عمل اپنائیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جمعرات کو خدائی خدمتگار مرکز بلیلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی ملک نعیم خان بازئی سے حلقہ PB-38 کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے ملاقات کی۔ملاقات میں علاقائی مسائل، ترقیاتی امور، پانی، تعلیم، صحت اور دیگر عوامی مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملک نعیم خان بازئی نے وفود کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے جلد از جلد حل کیا جائے گا۔یہ ملاقات عوامی نمائندہ اور حلقے کے عوام کے درمیان قریبی رابطے اور خدمت کے عزم کی عکاسی ہے۔اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی ایم پی اے ملک نعیم خان بازئی نے جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے امیر مولانا ڈاکٹر علی محمد ابوتراب سے اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں علاقائی و قومی امور، دینی و سماجی ہم آہنگی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا ابوتراب نے ملک نعیم خان بازئی کی عوامی خدمات اور وژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ملاقات میں صوبائی یوتھ سیکرٹری ملک اجمل خان بازئی، منظور احمد بازئی اور ملک زادہ آرباز خان بازئی سمیت دیگر علما بھی شریک تھے۔یہ ملاقات سیاسی و مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی جانب ایک خوش آئند قدم ہے۔