ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاع پرچھاپہ مارکربچے کو اغوا کرنے والے گروہ کو گرفتار کرکے چار سالہ مغوی بچے حسین کو بازیاب کروالیا

جمعرات 17 جولائی 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ( ایس آئی یو)پولیس نے 17جولائی کو خفیہ اطلاع پرسعیدآبادمیں چھاپہ مارکربچے کو اغوا کرنے والے گروہ کو گرفتار کرکے چار سالہ مغوی بچے حسین کو بازیاب کروالیا ہے۔جمعرات کے روزایس ایس پی( ایس آئی یو/سی آئی اے) محمد شعیب میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان میں جمیل برہان ولد عبد الرحیم ،امیرہ زوجہ جمیل برہان ،ممتاز بیگم عرف پیرانی زوجہ عبد الرحیم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اغوا کار گروہ کا سرغنہ ملزم جمیل اپنی بیوی اور ماں کے ساتھ مل کر معصوم بچے و بچیوں کو اغوا کرکے جعلی پیر اور عملیات کا ڈھونگ رچا کر مغویوں کے اہل خانہ سے لاکھوں روپے کی بھاری رقم بٹوراکرتا تھا جبکہ ملزمان نے سعیدآباد میں جعلی آستانہ بھی بنایا ہوا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمہ ممتاز بیگم عرف پیرانی چار سالہ حسین کے اہل خانہ سے اب تک ایک لاکھ روپے لے چکی ہے ۔ایس ایس پی (ایس آئی یو/سی آئی اے ) نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :