کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور غیراخلاقی سرگرمیاں قابل تشویش ہیں ،حافظ حسین احمد شرودی

جمعرات 17 جولائی 2025 20:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی ناظم مالیات حاجی قاسم خان خلجی معاون ناظم مالیات میر سرفراز شاہوا نی ایڈووکیٹ مولانا مفتی روزی خان بادیزئی مولانا حاجی عبدالمالک بڑیچ اختر جان مری مولانا مفتی رحمت اللہ سالار مولانا علی جان ڈپٹی سالار حافظ محیب الرحمن ملاخیل مولانا جان محمد مولانا حزب اللہ ملنگ یار حافظ رحمن گل مولانا محمد اسلم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام، ضلع کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ اس طرح کے اقدامات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

یہ شہر اپنی مذہبی اقدار، قبائلی روایات اور دین دوستی کے لیے جانا جاتا ہے، اور ایسی سرگرمیاں شہر کے بنیادی تشخص کو مجروح کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں تاجر برادری کی جانب سے براہ راست شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 4 بجے تک جناح روڈ، منان چوک، اور قندھاری بازار جیسے شہر کے مرکزی علاقوں میں پنجاب سے آئے ہوئے خواجہ سرا، لڑکیاں اور عورتیں سرعام فحاشی اور بے حیائی پھیلا رہے ہیں یہ عناصر نہ صرف نوجوان نسل کو کھلے عام تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں بلکہ شہر کے پرامن ماحول کو بھی خراب کر رہے ہیں یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ یہ سرگرمیاں بلا خوف و خطر جاری ہیں، جس سے عوام میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ضلع کویٹہ اس صورتحال کو انتہائی تشویشناک سمجھتی ہے۔

ہم ارباب اختیار سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ان قبیح حرکات کے مرتکبین کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ یہ نہ صرف معاشرتی اقدار کی حفاظت کے لیے ضروری ہے بلکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھی ناگزیر ہے انہوں نیکہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ واضح کرنا چاہتی ہیں کہ اگر حکام بالا نے اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ نہ دی اور ان عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کیے، تو جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے قانون کے مطابق بذات خود سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوگی۔

ہم اپنے شہر کی اخلاقی اقدار اور نوجوان نسل کے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ شہر کے تمام مکینوں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ اس فحاشی کے خلاف آواز اٹھائیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں کوئٹہ شہر میں کسی صورت میں فحاشی، عریانی کی اجازت نہیں دے گے۔