بھارتی الیکشن کمیشن بی جے پی کی الیکشن چوری شاخ بن چکا ہے، راہول گاندھی

جمعرات 17 جولائی 2025 21:10

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہول گاندھی نے الیکشن کمیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ الیکشن کمیشن بھارتیہ جنتاپارٹی کی الیکشن چوری شاخ بن چکا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ریاست بہار میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرثانی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہاہے کہ انتخابی عملے کی مبینہ ملی بھگت سے نظرثانی کے نام پر ووٹ چوری کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بہار میں الیکشن کمیشن نظرثانی کے نام پر ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیاہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیاکہ ای سی اب بھی 'الیکشن کمیشن'ہے یا بی جے پی کی 'الیکشن چوری'شاخ بن چکا ہے؟راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ بہار میں بلاک لیول افسران خود ہی ووٹروں کے فارم بھر رہے ہیں اور ان پر جعلی دستخط کر رہے ہیں۔ گزشتہ ر وز آسام کی ایک ریلی سے خطاب میں راہول گاندھی نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاست مہاراشٹر کا الیکشن بی جے پی اور الیکشن کمیشن نے چوری کیا ہے اور اب وہی ماڈل ریاست بہار کے الیکشن میں بھی آزمایا جا رہا ہے۔