صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کے مکمل منظرنامے کو بدلنے کیلئے ہمیں ٹھوس دانشمندانہ فیصلے کرنے ہونگے، گورنر بلوچستان

جمعرات 17 جولائی 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کے مکمل منظرنامے کو بدلنے کیلئے ہمیں ٹھوس لیکن دانشمندانہ فیصلے کرنے ہونگے۔ ہمارے صوبے میں ذمہ داری، جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں سینیٹ اجلاس، سینڈیکیٹ اجلاس اور امتحانات مقررہ تاریخوں پر منعقد کرنے کی پابند ہیں۔

اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور بولان میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شبیراحمد لہڑی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری طویل جدوجہد اور پوری توجہ کے بعد صوبے کی سرکاری یونیورسٹیز بالآخر کامیابی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ہماری علم دوستی، اجتماعی استقامت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ یہ ہمارے نوجوانوں اور ہماری کمیونٹی کے لیے ایک روشن مستقبل بنانے کی جانب ایک ضروری قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونیورسٹی اپنے ڈومین پر بھرپور توجہ مرکوز کریں اور ضروری فیکلٹی کی موجودگی کے بغیر نئے مضامین متعارف کرانے سے اجتناب کریں. یہی مرکوز نقطہ نظر اور اپنے ڈومین تک محدودیت ہی ہمیں اپنے بنیادی شعبوں میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کے قابل بنائیگا گورنر مندوخیل نے کہا کہ مسقبل قریب کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم صرف موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی مضامین متعارف کرائیں گے. اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہمارے گریجویٹس ہمیشہ بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے مہارتوں اور علم سے لیس ہیں۔

اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کو نئی شکل دینے کی جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ ہم شعوری طور پر ایسے اعلیٰ تعلیمی ادارے بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں جو عمدگی، اختراع اور مسلسل ترقی کی علامت ہوں۔