سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن بلوچستان اسفند یار خان نے چارج سنبھال لیا

جمعرات 17 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن بلوچستان اسفند یار خان نے چارج سنبھال کر فرائض کی انجام دہی شروع کر دی ۔ محکمہ کے افسران کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور خصوصاً سکول ایجوکیشن کو اولین فوقیت حاصل ہے جبکہ افسران سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر بچے تک معیاری، یکساں اور جامع تعلیم کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کے وڑن کے مطابق نہ صرف بچوں کو اسکولوں میں لانا ہے، بلکہ انہیں پائیدار تعلیمی نظام کا حصہ بنانا بھی بنیادی ہدف ہے۔ اسکول سے باہر بچوں کی واپسی اور ان کی مستقل شمولیت کے لیے جدید اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی، جو زمینی حقائق سے ہم آہنگ ہو گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اسفند یار خان نے واضح کیا کہ معلومات و ابلاغی ٹیکنالوجی (ICT) کو فروغ دے کر تدریسی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

خاص طور پر سائنس اور ریاضی جیسے اہم مضامین میں بہتری کے لیے اساتذہ کی باقاعدہ تربیت کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ BOC، BEAC، BEMIS، PITE، ٹیکسٹ بک بورڈ، بلوچستان بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ آف اسکولز جیسے اداروں کو فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اسکولوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت، اساتذہ اور والدین کے درمیان مؤثر روابط، اور سکولز کی مانیٹرنگ کا مربوط نظام بھی ترجیحی بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔

محکمانہ اصلاحات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن کیسز کی فوری پروسیسنگ، BPSC کے ذریعے بھرتیوں و ترقیوں کے عمل کو تیز تر کرنا، اور کنٹریکچول کیسز کی جلد تکمیل ان کے اصلاحاتی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ دفاتر میں آنے والے سائلین سے خندہ پیشانی اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی اور بروقت بنیادوں پر حل کریں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے بلوچستان کے بچوں کے لیے ایک منظم، شفاف اور جوابدہ تعلیمی نظام کی بنیاد رکھیں گے، جو نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی روشنی کا مینار ثابت ہو گا۔ جبکہ اساتذہ اور فلیڈ اسٹاف کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ آمور میں وقت کی پابندی اور نتائج پر مبنی امور کو خصوصی اہمیت دیں۔