صدر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کی چیئرمین پنجاب ایچ ای سی سے ملاقات

جمعرات 17 جولائی 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے چیئرمین و صدر ابراہیم حسن مراد نے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر رانا اقرار احمد خان اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر یو ایم ٹی ریکٹر ڈاکٹر آصف رضا سمیت دیگر سینئر اراکین بھی موجودتھے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور موثر پالیسی سازی کے جدید تقاضوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ابراہیم حسن مراد نے پاکستان کو علمی دنیا میں ممتاز مقام دلانے کے لیے ایک جامع، پائیدار اور ویژنری حکمتِ عملی پیش کی، جس میں حکومت اور جامعات کے مابین مضبوط اشتراک کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موثر پالیسی سازی اور عالمی معیار کے تحقیقی ماڈلز کے نفاذ سے پاکستانی جامعات کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل ہو سکتا ہے، یو ایم ٹی، حکومت کے اشتراک سے پاکستان میں ایک جدید اور مربوط گلوبل ریسرچ ایکو سسٹم کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ابراہیم حسن مراد کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقی ماحول کی سرپرستی اور نوجوانوں کو علم و مہارت سے لیس کرنا قومی ترقی کی بنیاد ہے اور یہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب پالیسی، تحقیق اور عمل میں ہم آہنگی ہو۔چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر رانا اقرار احمد خان نے ابراہیم حسن مراد کے تعلیمی ویژن اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ یو ایم ٹی جیسے ادارے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر نظامِ تعلیم میں مثبت تبدیلیوں کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔