ڈی جی ایل ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس،لاہور کی اہم شاہراہوں کی خوبصورتی میں اضافہ کا جائزہ

جمعرات 17 جولائی 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت کمرشل املاک کے باہری حصے (فساڈ) کے ایس او پیز بارے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بلڈنگ فساڈ سٹینڈرائزیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی دارالحکومت لاہور کی اہم شاہراہوں کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے املاک کے فساڈ کو خوبصورت بنانے کی تجاویز پر غورکیا گیا۔

ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر املاک کے باہری حصے (فساڈ) کو یونیفارم اور خوبصورت بنایا جائے گا، ماہر آرکیٹیکٹ اور پرائیوٹ سیکٹر کی مدد سے نئے رجحانات کو اپنایا جائے گا،جہاں ضرورت محسوس ہو گی ایل ڈی اے اپنے ریگولیشن بھی تبدیل کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ماحول دوست تعمیرات کو فروغ دینے کے لیے ایل ڈی اے پرائیویٹ سیکٹر کو خصوصی رعایت بھی دے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئی تعمیر ہونے والی املاک اور پہلے سے تعمیر شدہ املاک دونوں کے فساڈ میں بہتری بارے تجاویز طلب کی گئیں۔ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں املاک کے باہری حصے کو بہتر بنانے کے لیے کمیٹی اپنی تجاویز پیش کرے گی۔اجلاس میں چیف ٹائون پلانر ون، ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ اور ٹائون پلاننگ کے افسران، تعلیمی اداروں ، پرائیویٹ سیکٹر کے ماہرین، نمائندہ این سی اے، نمائندہ آباد، نمائند پاکستان آرکیٹیکٹ کونسل، ایم سی ایل اور ایل ڈی اے کے افسران نے شرکت کی۔