ولائی 1947 کا دن ریاست جموں و کشمیر کی نظریاتی اور تاریخی سمت کا فیصلہ کن دن ہے، محترمہ ریحانہ خان

جمعہ 18 جولائی 2025 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)چیئرپرسن ویمن کمیشن آزاد جموں و کشمیر محترمہ ریحانہ خان نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کا دن ریاست جموں و کشمیر کی نظریاتی اور تاریخی سمت کا فیصلہ کن دن ہے، جب آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے ریاست کے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کر کے پوری کشمیری قوم کی ترجمانی کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین نے بھی اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے نہ صرف اپنے بیٹوں، بھائیوں اور شوہروں کو قربانیوں کے لیے تیار کیا بلکہ خود بھی میدانِ عمل میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ کشمیر کی تحریکِ آزادی اور الحاقِ پاکستان کی جدوجہد میں خواتین کا کردار قابلِ فخر اور سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے۔

(جاری ہے)

محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ قراردادِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزاد مرضی، نظریاتی وابستگی اور دینی شعور کا مظہر ہے۔ یہ صرف ایک قرارداد نہیں، بلکہ ایک عہد، ایک ایمان اور ایک نظریہ ہے جسے نسل در نسل سینے سے لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جب ہم 19 جولائی کا دن مناتے ہیں، تو ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم ہر محاذ پر اپنے اس تاریخی اور دینی فیصلے کا دفاع کریں گے، اور اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے جب تک کشمیر مکمل طور پر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔

ریحانہ خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ویمن کمیشن نہ صرف خواتین کے حقوق کا محافظ ادارہ ہے بلکہ یہ ادارہ نظریاتی سرحدوں کا بھی نگران ہے۔''ہماری خواتین آج بھی ہر سطح پر اپنے عزم، جرات اور کردار سے ثابت کر رہی ہیں کہ وہ الحاقِ پاکستان کی جدوجہد میں کسی سے پیچھے نہیں۔''آخر میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اتحاد، یکجہتی، استقامت اور تجدیدِ عہد کا پیغام دیتا ہے۔ آئیے ہم سب، خصوصاً خواتین، اس مقدس جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیں۔