نجی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے ڈیجیٹل ہونے سے قیمتی وقت کی بچت ہو گی، ڈپٹی کمشنررحیم یارخان

جمعہ 18 جولائی 2025 16:30

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان خرم پرویز نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نجی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے ریکارڈ کو پلس پراجیکٹ کے تحت ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ ایک تاریخی سنگ میل ہے۔حکومت کے اس اقدام کے باعث عوام کے مالکانہ حقوق کا تحفظ اور نجی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو اپنی سوسائٹی کی منظوری میں آسانی ہو گی اور انہیں سرکاری دفاتر میں وقت کے ضیاع سے تحفظ حاصل ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب لینڈریکارڈ اتھارٹی کے نمائندہ کے ہمراہ ڈویلپرز اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی مالکان کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) قندیل فاطمہ میمن، نمائندہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی حافظ مقبول، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب لینڈ ٹرانسفر کے روائتی سسٹم سے نکل کر جدت پر منتقل ہو رہی ہے جس کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹی منیجمنٹ سسٹم کی بدولت سوسائٹی مالکان آن لائن منظوری کے لئے اپلائی کریں گے اور خود کار نظام کے تحت تمام کوائف مکمل ہونے 90روز میں سوسائٹی رجسٹرڈ ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ای رجسٹری سسٹم قائم ہے اور پاکستان میں اس کا نفاذ خوش آئند ہے۔اس جدید نظام کی بدولت ہاؤسنگ سوسائٹی مالکان کے وقت کی بچت اور ادارہ جاتی کرپشن کا خاتمہ ہو گا جبکہ آن لائن پراپرٹی ٹرانسفر کی بدولت ہر خریدار کو تحفظ حاصل ہو گا اور جعل سازی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کے ڈویلپرز اور ہاؤسنگ سوسائٹی مالکان حکومت پنجاب کے اس پروگرام سے مستفید ہوں۔\378