نواب شاہ: بھنگوار قبیلے کے 6 افراد کے قتل کا مقدمہ درج، 13 ملزمان نامزد

مسمات شہزادی عرف صاحب زادی کی مدعیت میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 197 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا

جمعہ 18 جولائی 2025 16:38

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)تھانہ بی سیکشن کی حدود میں گزشتہ روز بھنگوار قبیلے کے چھ افراد کے لرزہ خیز قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ مقتولین میں سے ایک کی خاتون وارث مسمات شہزادی عرف صاحب زادی کی مدعیت میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 197 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں 13 نامزد ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے گھات لگا کر مقتولین کو عدالت جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ نامزد ملزمان میں اسماعیل بھنگوار، اسلم بھنگوار، مولا بخش سونو، اعظم، ثاقب، غلام حیدر بھنگوار سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ بعض مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم پولیس نے مقدمے کی مصدقہ کاپی میڈیا کو جاری کرنے سے گریز کیا ہے۔واضح رہے کہ بھنگوار قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان زرعی پانی کی وارہ بندی کے دیرینہ تنازعے کے باعث دشمنی چلی آ رہی تھی، جس کے تحت 15 سال قبل ہونے والے تین قتل کے مقدمے کی پیروی کے دوران چھ افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف اور کشیدگی کی فضا برقرار ہے جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔