سیکرٹری داخلہ پنجاب کا پروبیشن اینڈ پیرول سروس ہیڈکوارٹر کا دورہ،نو تعمیر شدہ ڈی جی کمپلیکس کا افتتاح

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پروبیشن اینڈ پیرول سروس کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف بارے اجلاس کی صدارت کی

جمعہ 18 جولائی 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور نو تعمیر شدہ ڈائریکٹر جنرل کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کا نیا تعمیر شدہ ڈائریکٹر جنرل کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور محکمے کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف بارے اجلاس کی صدارت کی۔

ڈائریکٹر جنرل پروبیشن اینڈ پیرول سروس شاہد اقبال نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری پریزن عاصم رضا اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے پروبیشنرز کیلئے کمیونٹی سروس ماڈل متعارف کروایا ہے جس کے تحت پنجاب بھر کے 45 ہزار سے زائد پروبیشنرز سے کمیونٹی سروس کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

پروبیشنرز ایسے حادثاتی مجرمان ہیں جنکی اصلاح کیلئے عدالت سزا ملتوی کر کے پروبیشن پر رہا کرتی ہے۔

دو سالوں میں 92,000 سے زائد پروبیشنرز کی تربیت کروائی گئی ہے۔ پاکستان کے 90 فیصد پروبیشنرز پنجاب میں ہیں جبکہ باقی تمام صوبوں میں 10 فیصد موجود ہیں۔ محکمہ مختلف تربیتوں کے ذریعے مجرمان کی بحالی کے اصلاحی پروگرام چلاتا ہے۔ پروبیشنرز کو ریسکیو 1122 کے ذریعے سی پی آر اور فرسٹ ایڈ کی تربیت دی جاتی ہے۔ اسی طرح درخت لگانے کی مہم باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے جس میں پروبیشنرز شامل ہوتے ہیں۔

ٹیوٹا کے تعاون سے تکنیکی مہارت کی تربیت دی جاتی ہے۔ پروبیشنرز کی مذہبی تھراپی اور کیس مینجمنٹ سیشن اخلاقی اور سماجی اصلاح کو فروغ دیتے ہیں۔ مجرمانہ رویے میں تبدیلی کیلئے انفرادی اور گروپ مشاورتی سیشن منعقد کیے جاتے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فائر سیفٹی، ٹریفک آگاہی، اور آبادی کی بہبود کے سیشنز شہری احساس کو بڑھاتے ہیں۔ قانونی خواندگی کے سیشن ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ منعقد ہوتے ہیں۔

خواتین پروبیشنرز کو خصوصی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ نئے قانون کے تحت عدالتی حکم ہی میں پروبیشنرز کی قابلیت کے مطابق کمیونٹی سروس متعین کی جا رہی ہے۔ عدالتی حکم میں ہر پروبیشنر کیلئے مخصوص کمیونٹی سروس اور مدت درج ہوتی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کمیونٹی سروس کیلئے پروبیشنرز کو متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کیساتھ منسلک کیا جائے۔

تعلیم یافتہ پروبیشنرز سے ٹیچنگ جبکہ تکنیکی مہارت رکھنے والوں سے انکی مہارت کے مطابق کام لیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پروبیشن افسران مجرمان کی پروفائل کے مطابق موزوں کمیونٹی سروس کا تعین کرنے میں عدالت کی معاونت کریں۔ مجوزہ کمیونٹی سروس ماڈل کی بدولت بروبیشنرز معاشرے کے مفید شہری بنیں گے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ کمیونٹی سروس ماڈل کی کامیابی سے حکومت پنجاب کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پروبیشن اینڈ پیرول سروس کریمنل جسٹس سسٹم کا اہم ستون ہے جسے جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ سروس کا مقصد معمولی جرائم کے مجرمان کی کونسلنگ کے ذریعے امن و امان کا قیام ہے۔ ڈائریکٹر جنرل شاہد اقبال نے بتایا کہ پروبیشن اینڈ پیرول سروس افسران کی تربیت لمز اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی جیسے اداروں سے کروا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افسران کیلئے عالمی معیار کی تربیت کے مواقع تلاشنکرنرہینہیں۔