صحافی سیکھنے اورخود کو نکھارنے کا عمل جاری رکھیں، وسیم غوری

جمعہ 18 جولائی 2025 21:16

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء)سینئر صحافی و ریلیشنز آفیسر پاکستان کارسپانڈنٹس یونین وسیم احمد غوری نے کہا ہے کہ صحافت ایک باوقار اور ذمہ دار شعبہ ہے جسے درست معلومات، تحقیق، توازن اور دیانتداری کے اصولوں پر چلانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مطالعہ کریں، تحقیقی صحافت کی طرف آئیں اور درست اعداد و شمار کے ساتھ خبریں ترتیب دیں۔

(جاری ہے)

وسیم غوری کا کہنا تھا کہ زبان و بیان، خبر نویسی کے اصول، اور موجودہ ملکی و بین الاقوامی حالات پر گہری نظر رکھنا ہر صحافی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈیجیٹل ذرائع کا صحیح استعمال سیکھنا بھی صحافیوں کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور پیشہ وارانہ اخلاقیات کا دامن نہ چھوڑیں۔ صحافت کو محض شہ سرخیوں تک محدود نہ کریں بلکہ تحقیق اور عوامی مسائل پر مبنی رپورٹس پر توجہ دیں۔ وسیم احمد غوری نے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، ان کے الفاظ عوام کی سوچ پر اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے ذاتی اصلاح اور مسلسل تربیت پر بھرپور توجہ دی جائے۔