یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کا لاہور گیریڑن کا تعلیمی دورہ

جمعہ 18 جولائی 2025 21:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ نے لاہور گیریڑن کا ایک تعلیمی اور معلوماتی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے آرمی میوزیم لاہور اور جناح گیلری کا بھی وزٹ کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے فوجی یونٹ میں مختلف ہتھیاروں اور جنگی ساز و سامان کا مشاہدہ کیا، جس سے انہیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدیدیت کا براہِ راست تجربہ ہوا۔

جی او سی لاہور، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی، جس میں طلبہ کے مختلف سوالات کے جامع اور مؤثر جوابات دیے گئے۔ اس تعلیمی سیشن کو طلبہ نے انتہائی مفید اور کامیاب قرار دیا۔ طلبہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عوام اور فوج کے درمیان جو فاصلے کا تاثر پایا جاتا ہے، وہ مصنوعی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا فوج کے لوگ ہم سے ہیں اور ہمارا حصہ ہیں۔

ایک طالب علم نے کہا جی او سی لاہور نے ہمارے سوالات کے مدلل جوابات دیے اور مؤثر بریفنگ دی، آج کا سیشن انتہائی کامیاب رہا۔"دوسری طالبہ نے کہا، "آج ہمیں پاکستان اور پاک فوج کی تاریخ جاننے کا موقع ملا۔ایک اور طالبہ نے کہاآزادی کے ہیروز کے بارے میں جاننے کا موقع ملا، اور یہ بھی سیکھا کہ کن مشکل حالات میں ہمارا ملک آزاد ہوا تھا۔ طلبہ نے سیشن کو پاک فوج کا نہایت عمدہ، طویل اور یادگار سیشن قرار دیا اور پاک فوج کے شکر گزار ہوتے ہوئے دعا کی کہ ہمارا پیارا وطن قیامت تک سلامت رہے۔