مہاجرین کشمیر 1989 کے گزارہ الاؤنس میں اضافہ اور قانون ساز اسمبلی میں دو نشستیں مختص کی جائیں

جمعہ 18 جولائی 2025 23:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)حکومت آزاد کشمیر مہاجرین کشمیر 1989 کے گزارہ الاؤنس میں اضافہ اور قانون ساز اسمبلی میں دو نشستیں مختص کرے۔ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں مہاجرین کی کسمپرسی ریاست کی نیک نامی کو متاثر کر رہی ہے۔ کشمیری مہاجرین 1989 کے امیر عزیر احمد غزالی نے میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک اہم بیان میں کہا ہیکہ مہاجرین اس وقت گوناگوں مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے بیس کیمپ کی حکومت اور وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سے اپیل کی ہیکہ وہ شہداء کے ورثاء مہاجرین کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے درست سمت اقدامات اٹھائیں۔ انکا کہنا تھا کہ 9500 کشمیری خاندان جن کی کل آبادی 46000 ہے اس وقت بنیادی ضروریات اور حقوق سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ مہاجرین کیلئے موجودہ حالات میں دو وقت کا کھانا دستیاب کرنا ، بچوں کی فیسیں ، علاج معالجہ ، گھر کے کرائے اور دیگر اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو گئے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں مہاجرین کو رہنے کیلئے زمین ، سر پر چھت ، پڑھے لکھے نوجوان کیلئے روزگار کے مواقع دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین جموں کشمیر کی ورکنگ کمیٹی گزشتہ دو برسوں سے وفاق سے لے آزاد کشمیر حکومت تک مشکلات کے ازالے کیلئے ایک قابل عمل چارٹر آف ڈیمانڈ پہنچا کر معاملات کو یکسو کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کشمیر کی تکلیف دہ ناگفتہ بہ صورتحال بیس کیمپ حکومت کی نیک نامی کو بری طرح متاثر کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے اپیل کی ہیکہ وہ مہاجرین کے ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافے ، قانون ساز اسمبلی میں دو نشستوں ، ڈومیسائل ، چھ فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کے لیے ضروری اور فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ بجٹ اجلاس کے دوران مہاجرین کشمیر کے الاؤنس میں اضافے کے اعلان پر عملدرآمد کریں تاکہ مہاجرین کشمیر کی مالی مشکلات کم ہو سکیں۔

انکا کہنا تھا کہ ریاست کے آزاد حصے میں ورکنگ کمیٹی مہاجرین کشمیر 1989 کے تمام بنیادی ، انسانی ، سیاسی اور سماجی حقوقوں کی حفاظت اور بازیابی کیلئے تمام جمہوری ، قانونی اور سیاسی کوششیں جاری رکھے گی۔