سوپور ، بھارتی پولیس کاکشمیری شہری کے گھر پر چھاپہ، اہلخانہ کو ہراساں کیا

جمعہ 18 جولائی 2025 20:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک کشمیری شہری کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ چھاپہ نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے حکم پر سوپور کے علاقے کرال ٹینگ کے رہائشی عرفان احمد انتو کے گھر پر مارا گیاہے جو پہلے ہی غیر قانونی طورپر جیل میں قید ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ عرفان آزادی پسند تنظیم مسلم لیگ کا کارکن ہے ۔پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درج جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں عرفان کے گھر پر چھاپہ مارااوراہم دستاویزات ، موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیے۔ آپریشن کے دوران عرفان کے اہلخانہ کو ہراساں بھی کیاگیا ۔بھارتی پولیس نے گزشتہ روزعابدنبی نامی ایک اور کشمیری کو بھی مسلم لیگ کا کارکن قراردیتے ہوئے اسکے گھر پر چھاپہ مارا تھا ۔