وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین ایمرجنسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 18 جولائی 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے پتریاٹہ میں ایمرجنسی دفتر کا دورہ کیا۔ انہوں نے علاقے میں فراہم کی جانے والی ایمرجنسی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین ایمرجنسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے ریسکیورز اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر عوام کو فوری مدد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے ایمرجنسی سروسز کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو اہلکار بہترین انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ایمرجنسی سروسز کی استعداد بڑھانے کے لیے مختلف جامعات کے ساتھ الحاق کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹی سطح کے کورسز متعارف کروائے جا سکیں،مزید برآں، ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار کی روشنی میں متعلقہ اداروں کے ساتھ روڈ سیفٹی کے موضوع پر مشترکہ اجلاسوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس اور حکومتی ادارے عوامی خدمت میں 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں۔