طیاروں کی حفاظت کے لیے بذریعہ رنگ فینسنگ لاہور کے مختلف علاقے نو برڈ زون قرار ، عمل درآمدشروع

ہفتہ 19 جولائی 2025 10:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے طیاروں کی حفاظت کے لیے بذریعہ رنگ فینسنگ لاہور کے مختلف علاقے نو برڈ زون قرار دینے پرسینئر وزیر مریم اورنگ زیب اور سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہی کی زیر قیادت وائلڈلائف پرو ٹیکشن فورس کومتحرک کر دیا گیاہے،اس ضمن میں حکومت پنجاب کی طرف سے گرینڈ آ پریشن کے آ غاز پرمبنی ایک ویڈیو پیغام کو تمام سٹیک ہولڈرز اور متعلقہ گروپس میں زیادہ سے زیادہ شیئر کیا جارہاہے تاکہ اس پر موثر عمل درآمد ہو سکے۔

ویڈیو پیغام میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آ رگنائزیشن اور انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق 90 فیصدسے زائد فضائی حادثات تین ہزار فٹ سے کم بلندی پر ٹیک آ ف اور لینڈنگ کے وقت ہوتے ہیں جن سے سینکڑوں افراد جان سے چلے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے لاہور کی حدود میں طیاروں کی حفاظت کے لیے بذریعہ رنگ فینسنگ مختلف علاقے نو برڈ زون قرار یئے گئے ہیں جن میں لاہور مشرقی بائی پاس،مناواں ہسپتال،داہوری والا،پی کے ایل آ ئی،چونگی امر سدھو،اچھرہ اور چاہ میراں سے گرینڈ آ پریشن کا آ غاز کیا گیا ہے ، ایئر پورٹس کے قریب کھلے عام کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مکمل پابندی عائد ہے ،ڈھکن والے کوڑا دان لازمی قرار دیئے گئے ہیں ،ماحولیاتی حفاظتی اقدامات کے بغیر چلنے والے مذبح خانوں اور پولٹری فارمز کی بندش،چمڑے کے کاروبارپر ماحولیاتی قوانین سختی سے لاگو کئے گئے ہیں ،گھروں کی چھتوں،درباروں اور عوامی مقامات پر پرندوں کو دانہ ڈالنے،کبوتر پالنے اور کبوتر اڑانے پر پابند ی عائد ہے ۔

ضلعی انتظامیہ ،انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس اور وائلڈ لائف پروٹیکشن فورس متحرک ہے ، خلاف ورزی پر گرفتاریاں ،سخت سزائیں اور بھاری جرمانہ کیا جائے گا ۔