ہیلمٹ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سائڈ شیشے بھی لازمی قرار دیے جائیں ‘ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

محفوظ ڈرائیونگ کے لئے ہیلمٹ کے ساتھ ساتھ سائڈ شیشے بھی ایک بنیادی ضرورت ہیں‘ڈاکٹر سلمان کاظمی

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو صرف ہیلمٹ پہننے کا ہی نہیں بلکہ موٹر سائیکل پر سائڈ شیشے (سائڈ مررز) لگانے کا بھی پابند بنایا جائے۔ڈاکٹر سلمان کاظمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے ہسپتالوں میں روزانہ ایسے درجنوں مریض لائے جاتے ہیں جو معمولی سی لاپرواہی کے باعث ٹریفک حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

ان میں زیادہ تر موٹر سائیکل سوار ہوتے ہیں جو پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کو نہ دیکھ پانے کی وجہ سے حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کے ساتھ ساتھ سائڈ شیشے بھی ایک بنیادی حفاظتی ضرورت ہیں، جن کا استعمال سڑک پر محفوظ ڈرائیونگ کے لیے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے اکثر افراد موٹر سائیکل خریدتے وقت شیشے خود ہی اتار کر رکھ دیتے ہیں تاکہ ’’بائیک فریش‘‘لگے یا بیچنے کے وقت دوبارہ لگا سکیں جو کہ ایک خطرناک رجحان ہے۔

ڈاکٹر سلمان کاظمی نے ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ کے ساتھ سائڈ شیشے کی بھی چیکنگ کو لازمی بنائیں، عوامی آگاہی مہم کے ذریعے شیشوں کی اہمیت اجاگر کریں اور بغیر شیشے کے بائیک چلانے والوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے آخر میں کہا کہ ایک شیشہ شاید چند سو روپے کا ہو مگر کسی کی جان اس سے کہیں قیمتی ہے۔