Live Updates

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر (کل )وسطی پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج کیا جائیگا

ہفتہ 19 جولائی 2025 15:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے دوران تیسری مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر 20جولائی بروز اتوار وسطی پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ، حکمرانوں نے بے حسی کی انتہا کر دی ہے، مہنگائی کے ستائے عوام فاقہ کشی پر مجبور ہو چکے ہیں ، اپنے بچوں کو قتل کر رہے ہیں مگر مجال ہے کہ اہل اقتدار پر کسی قسم کا کوئی اثر ہو جائے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے اللوں تللوں کی خاطر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام اور انتقامی سیاست کے ماحول کو ختم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ملک کے اندر تمام اداروں کا آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرنا چاہئے ۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ملک کے اندر جو یکجہتی قائم ہوئی ہے اس کو برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ قوم منتظر ہے کہ غریبوں کا دکھ رکھنے والے کب اپنے شاہانہ اخراجات کو کم اور مراعات کا خاتمہ کرتے ہیں۔

یہ لوگ قومی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر تقریبا ً چالیس فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ۔ لوگوں کو دو وقت کی با عزت روٹی بھی میسر نہیں ۔چار کروڑ افراد بھیک مانگ رہے ہیں اور کوئی بھی حکومتی ادارہ عوام کی حالت زار کو درست کرنے کے لئے توجہ دینے کو تیار نہیں ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عالمی بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان میں غربت کی شرح 42.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، آبادی کی سالانہ شرح نمو تقریباً 2 فیصد رہے گی، جس کا مطلب ہے کہ اس سال 19 لاکھ اضافی افراد غربت کی لکیر سے نیچے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی پریشانیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ ایک طرف مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، تو دوسری جانب حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں نے معیشت کے بٹرہ غرق کر رکے ردکھ دیا ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات