دنیا چین کے شہرکاری  تجربے سے استفادہ کرسکتی ہے،ایگزیکٹو ڈائریکٹر یو این ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:42

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) اقوام متحدہ کے  ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام کامقصد سماجی اور ماحولیاتی پائیدارترقی کے حامل قصبوں اور شہروں کو فروغ دینے اور تمام افراد کو  مناسب پناہ گاہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ  شہروں کی ترقی و منصوبہ بندی  کے ذریعے اقتصادی ترقی اور سماجی ترقی کو فروغ  دینا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق یو این ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر  اناکلوڈیا روزباخ نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں یو این ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام کے ہیڈ کوارٹرز میں چائنا میڈیا گروپ کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران  انسانی بستیوں کو بہتر بنانے میں چین کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ شہرکاری اور شہروں اور دیہات کی مربوط ترقی کے حوالے سے دنیا چین کے تجربے سے زیادہ استفادہ کرےگی۔

(جاری ہے)

انا کلوڈیانے کہا کہ چین نے کامیابی کے ساتھ 800 ملین افراد کو غربت سے نکالنے کے ساتھ ساتھ شہرکاری کی راہ پر بھی گامزن کیا ہے، آئندہ 25 سالوں میں افریقہ اور لاطینی امریکا کے شہروں میں تقریباً 800 ملین افرادآباد ہوں گے جبکہ بہت سے ایشیائی ممالک کو  اب بھی غربت کا سامنا  ہے جس کے خاتمے کے لئے شہروں کی اہمیت زیادہ سے زیادہ نمایاں ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر نہ صرف لوگوں کو  رہنے کے لئے جگہ فراہم کرتا ہے  بلکہ انہیں تعلیم اور روزگار سمیت دیگر مواقع اور طبی سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔ انا کلوڈیا نےیو این ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام کے ساتھ چین کے تعاون کو  مضبوط اوراختراعات پر مبنی قرار دیا ۔