لاہور اور فیصل آباد میں دو جہاز حادثے سے بال بال بچ گئے، پروازیں منسوخ

جہاز کو فوری طور پر واپس پارکنگ ایریا میں منتقل کرکے مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:50

لاہور اور فیصل آباد میں دو جہاز حادثے سے بال بال بچ گئے، پروازیں منسوخ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) ملک کے دو بڑے ایئرپورٹس پر فضائی حادثات کے خطرات اس وقت بڑھ گئے جب پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے دو علیحدہ واقعات پیش آئے۔ لاہور میں نجی ائیرلائن کی کراچی جانے والی پرواز جبکہ فیصل آباد میں دبئی سے آنے والی فلائٹ پرندوں سے ٹکرا گئی تاہم دونوں واقعات میں تمام مسافر محفوظ رہے۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر نجی ائیرلائن کی پرواز جیسے ہی رن وے پر ٹیک آف کی تیاری میں تھی، ایک پرندہ اچانک سامنے سے آ کر طیارے سے ٹکرا گیا۔ واقعے کے فورا بعد جہاز کو واپس پارکنگ پر منتقل کر دیا گیا اور انجینئرز نے جہاز کا مکمل معائنہ شروع کر دیا۔ پائلٹ نے ابتدائی بیان میں تصدیق کی کہ پرندہ طیارے کے سامنے سے آ کر ٹکرایا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، جس کے باعث انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔ پائلٹ نے انتہائی مہارت سے طیارے کو بحفاظت لینڈ کروایا، جبکہ تمام مسافر خیریت سے محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔خیال رہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر نو برڈ زون کی حدود میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

لاہور کے ایئرپورٹس کے گرد 8کلومیٹر کے دائرے میں وائلڈ لائف، ای پی اے فورس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں نے مشترکہ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ کچرا ہٹانے، پولٹری شاپس کی نگرانی اور گھونسلے و پرندوں کے ڈبے ہٹانے جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اب تک شالامار باغ، بھٹہ چوک، آر اے بازار، گیریژن گالف کلب، الفیصل ٹان، جیل روڈ اور بہار شاہ روڈ سمیت مختلف علاقوں سے سینکڑوں گھونسلے ہٹائے جا چکے ہیں جبکہ درجنوں شہریوں کو جرمانے اور گرفتار بھی کیا گیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے متعدد علاقوں میں رضا کارانہ تعاون پر شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی سفر کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور تمام متعلقہ ادارے اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔